بغداد ائیرپورٹ پر امریکی حملہ، ایرانی فوج کے کمانڈر قاسم سلیمانی جاں بحق

بغداد: (پاکستان فوکس آن لائن) عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے امریکی حملے میں ایران کی القدس فورس کےکمانڈر قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے۔بین الاقوامی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکا نے بغداد ائیرپورٹ کے کارگوٹرمینل کے قریب سڑک پر 2 گاڑیوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا جس میں ایک ایرانی کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی تھی۔
تفصیلات کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پرامریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس بھی ہلاک ہوگئے۔
عراقی حکام کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پرداغے گئے 3 راکٹ کارگوہال کے قریب گرے، راکٹ حملے سے 2 کاروں کوآگ بھی لگی۔
عرب ٹی وی کے مطابق راکٹوں سے اہم مہمانوں کوایئرپورٹ لانے والی گاڑیاں تباہ ہوئیں، راکٹ حملے سے قبل سائرن بجے، فضا میں ہیلی کاپٹراڑتے دیکھے گئے۔برطانوی میڈیا کے مطابق جنرل سلیمانی کا ایرانی حکومت میں ایک کلیدی کردارتھا۔ ان کی قدس فورس صرف رہبرِ اعلی آیت اللہ علی خمنہ ای کو جوابدہ ہے اورانہیں ملک میں ایک ہیرو تصور کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب جنرل سلیمانی پرحملے کی تصدیق ہوتے ہی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی پرچم ٹوئٹ کیا جب کہ پینٹا گون نے بھی امریکی حملے میں جنرل سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کوڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پرمستقبل میں ایران کی جانب سے حملوں کو روکنے کے لیے ہلاک کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔چند روز قبل امریکا نے عراق میں فضائی حملہ کر کے مقامی ملیشیا کتائب حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا تھا۔اس حملے کے ردعمل میں سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے بغداد میں امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی تھی اور سفارت خانے کے بیرونی حصے کو آگ لگا دی تھی۔امریکا نے سفارت خانے پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا تھا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کو امریکی سفارت خانے پر حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *