میشا کا ہتک عزت کی درخواست سننے والے جج پر جانبداری کا الزام

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن) گلوکارہ میشا شفیع نے ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کرنے والے جج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جج پر جانبداری کا الزام عائد کر دیا۔گلوکارہ میشاء شفیع کی جانب سے جج کی تبدیلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈسٹرکٹ سیشن جج کی تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 07 مئی تک ملتوی کر دی۔عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر اداکار علی ظفر اور میشاء شفیع کے کیس کی تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ سنایا جائے گا۔گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام لگانے والی گلوکارہ میشا شفیع نے ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کرنے والے جج پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے مقامی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا کہ گواہان کے بیانات قلمبند کراتے وقت موجودہ جج نے گواہان کو جوابات دینے میں معاونت کی۔میشا شفیع نے اپنے وکیل فرہاد علی شاہ کی وساطت سے جج کی جانبداری کے خلاف درخواست بھی لاہور کی مقامی عدالت میں جمع کرائی۔اداکارہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ جج میرے وکلاء پر بلاوجہ برہم بھی ہوئے۔ انہوں نے ہتک عزت کے دعویٰ کو دوسرے جج کے پاس منتقل کرنے کی استدعا کی۔
واضح رہے کہ میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراساں کیے جانے کے الزام کے بعد علی ظفر نے گلوکارہ پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے جس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج شکیل احمد گزشتہ 6 ماہ سے کررہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *