پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) حکومت نے رمضان سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے فی لیٹر پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا کردیا۔آج سے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 42 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 108 روپے 31 پیسے ہوگئی جب کہ مٹی کا تیل 7 روپے 46 پیسے اضافے کے بعد 96 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 86 روپے94 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔پہلی بار قیمتوں میں اضافے کی اطلاع براہ راست آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دی گئی ہے اس کے ساتھ ہی ایف بی آر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لاگو ٹیکس میں اضافے کی نئی شرح بھی جاری کردی ہے۔پیٹرول پر جی ایس ٹی 2 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کردیا، ہائی اسپیڈ اور لائٹ ڈیزل پر ٹیکس کی یکساں شرح بڑھا کر 17 فیصد کی گئی ہے جب کہ مٹی کے تیل پر جی ایس ٹی 8 فیصد سے بڑھا 17 فیصد کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ پیٹرول بم جان بوجھ کر نہیں گرایا، عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حکومت اور عوام کو مل کر برداشت کرنا پڑے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *