ملک بھرمیں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2880 ہوگئی

کورونا سے اب تک 45افراد جاں بحق ،جبکہ 172افراد صحت یاب ہوگئے

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول سنٹرکے مطابق پاکستان میں مہلک وبا سےجاں بحق ہونے والوں کی تعداد 45 ہوگئی ہے جبکہ تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد2880 تک جا پہنچی ہے ۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے ، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر نے تازہ اعداد و شمار جاری کردئیے۔ نیشنل کمانڈ سنٹر کے مطابق مہلک وبا سے اب تک 45 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 18 افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔ اب تک پنجاب میں 1163 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ملک بھر میں سب سے زیادہ کیسز ہیں ، سندھ میں 864 اور بلوچستان میں 185 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 75 تصدیق شدہ کیسز ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 372 اور گلگت بلتستان میں 206 متاثرہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ آزادکشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 12 ہوچکی ہے۔ ملک بھر میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد172 ہوگئی ۔
یادرہے کہ پاکستان میں لاک ڈاؤن کو 14 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے علاوہ وبائی امراض کے اثرات سے نمٹنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی کو حتمی شکل دی جاسکے۔
واضح رہے کہ دنیا بھرمیں کوروناوائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 64 ہزار سےزائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *