نیب ٹیم دوبارہ حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے ان کی رہائشگاہ پر پہنچ گئی

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم ایک بار پھر حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے 96 ایچ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئی۔نیب کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کر لیا ہے۔ نیب کی ٹیم نے ایک بار پھر شہباز شریف کی رہائش گاہ جانے کی کوشش کی۔امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی شہباز شریف کی رہائش گاہ پہنچ گئی ہے جب کہ اینٹی رائٹس فورس کے جوان بھی ماڈل ٹاون میں شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہیں جب کہ ایس پی ماڈل ٹاون علی وسیم بھی موقع پر موجود ہیں۔واضح رہے گزشتہ روز بھی لیگی رہنما کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا گیا تھا۔ادھر نیب حکام نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف لاہور ماڈل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، تشدد اور اسلحہ تاننے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔مقدمہ نیب کے ڈرائیور ممتاز حسین کی مدعیت میں حمزہ شہباز کے ذاتی گارڈ کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق نیب کی جانب سے ملزم حمزہ شہباز ولد شہباز شریف کے گھر گرفتاری کے لیے نیب افسران کے ہمراہ چھاپہ مارا، چھاپہ کے دوران حمزہ شہباز کے گارڈ نے اسلحہ تان لیا۔مقدمے میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کے گارڈز نے نیب ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑی سے اتار کر زدو کوب کیا۔ نیب حکام نے واقعے کے خلاف گزشتہ روز درخواست جمع کروا دی تھی جس پر آج باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *