ملک بھر میں جشن ولادتِ رسول ﷺ عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) ملک بھر میں جشن ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے خصوصی تقریبات، کانفرنسز اور میلاد ریلیوں اور جلوسوںکا انعقاد بھی جاری ہے جن میں درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں۔ ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، دیہات ، مساجد، سرکاری و غیر سرکاری عمارات، مکانات سمیت گلی محلوں کو گذشتہ شب برقی قمقموں، جھنڈیوں اور دیگر آرائشی مصنوعات سے سجا دیا گیا، آج صبح جشن ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے دن کاآغاز ہوا جبکہ لاہور میں دن کے آغازپر 21 توپوں کی سلامی دی گئی جس کے بعد ملکی سلامتی واستحکام کےلیےخصوصی دعائیں کی گئیں۔
میلاد النبیﷺ کے موقع پر مساجد، عمارتیں اور شاہراہیں سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجائی گئی ہیں اور عاشقان رسولﷺ کی جانب سے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺسے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے محافل میلاد کی جارہی ہیں جن میں پیغمبراکرم ﷺ کی شان بیان منعقدکی جارہی ہے۔
جشن ولادت رسولﷺ کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں ریلیاں اور جلوس بھی نکالے جائیں گے جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس بعد نماز ظہر نشترپارک سے برآمد ہوگا جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل بند کردیا گیا ہے۔کوئٹہ میں 12ربیع الاول کے موقع پر ایک درجن جلوس برآمد ہوں گے جب کہ مرکزی جلوس باچاخان چوک سے نکالاجائے گا تاہم جلوس کی سیکیورٹی کے لیے شہر میں تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *