آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی پاکستان پہنچ گئی،تین شہروں میں نمائش ہوگی

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی، پرتپاک استقبال کیا گیا، لش پش کرتی ٹرافی لاہور اور پھر کراچی میں بھی لائی جائے گی۔ ورلڈ کپ ٹرافی امارات ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد لیکر پہنچے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی چاروں صوبوں میں عوام کے لئے ڈسپلے کی جائے گی۔پی سی بی حکام کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی کی آج وزیراعظم آفس کے بعد جناح ایونیو پر واقع اسلام آباد کے معروف شاپنگ مال میں رونمائی ہوگی۔ٹرافی 13 اپریل کو لاہور کے شاپنگ مال جبکہ 14اپریل کوکلفٹن کراچی میں واقع شاپنگ مال میں رکھی جائے گی۔عام پاکستانی ٹرافی کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں لے سکیں گے۔چودہ اپریل کو کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں محفل موسیقی بھی شامل ہوگی۔ اس موقع پر فوڈ فیسٹیول اور فائر ورکس کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ائرپورٹ پہنچنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان آئی ہے،ٹرافی پاکستان کے چاروں صوبوں میں جائے گی۔انشاء اللہ یہ ورلڈ کپ جیت کریہ ٹرافی واپس پاکستان ہی آئے گی۔انہوں نے کہا کرکٹ پاکستان کے لوگوں کا پسندیدہ کھیل ہے ، 10 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر سب کو مبارکباد پیش کرتاہوںکرکٹ کی بحالی میں پاک فوج کا نمایاں کردار ہے۔میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم 31 مئی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی اور اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جب کہ تین جون کو گرین شرٹس کا مقابلہ میزبان انگلینڈ سے، سات جون کو سری لنکا سے اور 12 جون کو آسٹریلیا سے ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا۔شاہین 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کریں گے۔کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل مقابلے کا میدان 14 جولائی کو لارڈز میں سجے گا۔30 مئی سے 14 جولائی 2019 تک ہونےوالا ٹورنامنٹ 1992 ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *