ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جارہی ہے۔عید الاضحی کے موقع پر شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے سیکڑوں اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں جب کہ نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ نماز عید کے اجتماعات میں کشمیر کی آزادی، امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔صدر مملکت عارف علوی نے فیصل مسجد اسلام آباد میں جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا اسلام آباد میں نماز عید ادا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے ریس کورس پارک جب کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے لیاقت باغ میں نماز عید الاضحی ادا کی۔سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد آزاد کشمیر میں نماز عید ادا کی ہے۔
ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری
نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے بعد فرزندان توحید اجتماعی اور انفرادی طور پر سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی جا ری ہے۔ کہیں اجتماعی تو کہیں انفرادی طور پر جانوروں کی قربانیاں دی جا رہی ہیں۔جہاں جانور قربان ہو چکے وہاں گوشت بنانے کا کام جاری ہے اور جہاں نہیں ہوئی وہاں قصائی کی آمد کا شدت سے انتظار جاری ہے۔ اس عید پر بھی بچوں کی خوشی دیدنی ہے، دلکش ملبوسات پہنے بچے عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منا رہے ہیں۔ خواتین بھی عید کی خوشیاں منانے میں کسی سے پیچھے نہیں، وہ بھی خوبصورت ڈریس پہنے رنگ برنگی چوڑیاں پہنے عید کی خوشیاں سمیٹ رہی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ مہماںوں کی تواضع کیلئے رنگ برنگے پکوان بنانے میں بھی مصروف ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *