پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر منایا جارہا ہے

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) کشمیر کی جدوجہد آزادی کے عظیم شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج یومِ شہدائے کشمیر منایا جارہا ہے ۔دنیا بھر میں اور کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیری 13 جولائی 1931 کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج یوم شہدائے کشمیر منارہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں اس دن کے موقع پر آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ ہڑتال کی اپیل بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی، کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ کی زیر قیادت حریت فورم نے کی ہے جس کا مقصد مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل اور کشمیریوں اور حریت رہنمائوں کے خلاف بھارتی مظالم کا سلسلہ بند کرانے کی فوری ضرورت کا اعادہ کرنا ہے۔سید علی گیلانی نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے حصول تک بھارتی مظالم کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ میر واعظ عمر فاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے کہا کہ 13جولائی 1931 جموں کشمیر کی تاریخ میں ایک سنگِ میل ہے اس دن جب پہلی مرتبہ کشمیری عوام ظالم اور طالع آزما حکمران کے خلاف مشترکہ طور پر اُٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے13جولائی 1931 کو عبد القدیر نامی نوجوان کے خلاف عدالتی کارروائی کے دوران سرینگر میں سنٹرل جیل کے باہر یکے بعد دیگرے بائیس کشمیریوں کو شہید کردیا تھا ۔ عبدالقدیر نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ راج کے خلاف متحد ہونے کو کہا تھا۔ اس دن نماز ظہر کے وقت ایک نوجوان نے اذان دینا شروع کی لیکن مہاراجہ کے سپاہیوں نے اس کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ اذان دینے کا سلسلہ جاری رہا اور اس عمل کی تکمیل تک بائیس نوجوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور تاریخ میں زندہ جاوید ہوگئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن سرینگر میں مزار شہداالنقش بند صاحب کی جانب مارچ کریں جہاں 1931 کے شہداء مدفون ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *