فضل الرحمان سیاست دانوں والا رویہ اپنائیں، ڈنڈوں سے کوئی نہیں ڈرے گا، فواد چوہدری

راولپنڈی: (پاکستان فوکس آن لائن)فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سیاست دانوں والا رویہ اپنائیں اور ڈنڈوں سے کوئی نہیں ڈرے گا۔وفاقی وزیربرائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو احتجاج کا قانونی حق حاصل ہے، لیکن ڈنڈوں سے کوئی نہیں ڈرے گا، مولانا فضل الرحمن سیاست دانوں والا رویہ اختیارکریں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا کا حکومت سے مطالبہ پہلے استعفیٰ اورپھرمذاکرات ہیں جو’بلی کے خواب میں چھیچھڑے‘ ہیں تاہم پرویزخٹک کی سربراہی میں اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بن گئی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ مولانا کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی، عمران خان پر فخر ہونا چاہیے ان کی وجہ سے ہم عالمی سیاسی منظر نامے میں آگئے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ فضل الرحمان اگر احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ یونیورسٹیوں سے ریسرچ کروانی پڑے گی کہ مولانا کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک جیسا سینئر رہنما مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کے لیے جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم آلو مٹر بیچ کر معیشت کو سہارا نہیں دے پائیں گے۔ راولپنڈی میں منعقد ایک تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا میں نے یہ کہہ دیا کہ سرکاری نوکریاں نہیں مل سکتیں تو میڈیا میں طوفان آگیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ معیشت کی سرپرستی سرکاری سیکٹر نہیں نجی شعبہ کرتا ہے، معیشت کی الف ب جاننے والوں کو معلوم ہے کہ ہمیں پرائیویٹ سیکٹر میں ہی کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالجی کا چارج لیا تو یہ ٹوٹی ہوئی انڈسٹری تھی، یونیورسٹیوں میں ریسرچ ہوتی تھی تو پتا نہیں ہوتا تھا کہ آگے کیا ہو گا، فیصلہ کیا ہے کہ یونیورسٹیوں کو بزنس کرنے کی اجازت دیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم روٹین کے آلو مٹر بیچ کر اکانومی کو سہارا نہیں دے پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں زرعی یونیورسٹیوں میں جا کر حیران ہوا کہ وہاں اتنا اچھا کام ہو رہا ہے، ہمیں زراعت میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہو گی، ہمیں نوجوانوں کے ذریعے کامیاب معیشت بنانی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *