وزیراعظم نے بھارت سے مزید مذاکرات کا امکان مسترد کردیا

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت سے مذاکرات کا امکان ختم ہوگیا، مذاکرات کے لیے تمام تر کوشش کی لیکن اب مودی سرکار سے بات چیت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے، دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے مابین جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت سے مزید بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں ہے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت ہیں اور دونوں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہیں۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ خدشہ ہے کہ یہ کشیدگی اور بڑھےگی اور دوایٹمی طاقتوں کے درمیان یہ تناؤ دنیا کے لیے بھی باعث فکر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھنے کا امکان ہے اور کچھ بھی ہوسکتا ہے لہٰذا امریکی صدرٹرمپ کو انتہائی تباہ کن صورتحال کےخدشےسےآگاہ کردیا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ مودی ایک فاشسٹ اور ہندو بالادستی پر یقین رکھنے والےحکمران ہیں جو کشمیر میں مسلم اکثریت کاصفایا کر کےخطے میں ہندو آبادی کو بسانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئی دلی حکومت نازی جرمنی جیسی ہے جس کے باعث 80 لاکھ کشمیریوں کی جانیں خطرے میں ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے امن فوج اور مبصرین بھیجنے کا مطالبہ بھی کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *