ملک میں کورونا وائرس پھیلنے لگا، مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہوگئی

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار ہوگئی ہے جب کہ درجنوں مشتبہ مریض بھی سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہوگئی ہے۔ سندھ میں 413، پنجاب میں 296، بلوچستان میں 115، گلگت بلتستان میں 81، خیبر پختونخوا میں 78 جب کہ اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے تاہم اس سے ایک بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، 5 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ18 افراد مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 410 ہوگئی ہے۔ کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 144 ہے، سکھر میں 265 اور دادو میں ایک فرد کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے۔ کراچی میں 141 کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے 91 افراد رابطوں کے ذریعے متاثر ہوئے، کراچی میں 130 اور سکھر میں 265 مریض زیرِ علاج ہیں، سندھ بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 14 مریض صحتیاب اور ایک جاں بحق ہوچکا ہے۔
گزشتہ روز کورونا وائرس کے 16 کیسز رپورٹ جبکہ 10 مریض صحتیاب ہوئے، کراچی میں 11 جبکہ سکھر میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ، سکھر میں متاثر ہونے والے تمام افراد زائرین ہیں جب کہ کراچی کے 9 افراد رابطوں کے ذریعے متاثر ہوئے،کراچی کے کیسز میں سے ایک مریض نے دبئی اور ایک نے برطانیہ کا سفر کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *