کنٹینر سے ملنے والی 39 لاشیں چینی شہریوں کی ہیں، برطانوی پولیس

لندن: (پاکستان فوکس آن لائن) برطانیہ کے علاقے ایسیکس میں کنٹینرسے ملنے والی 39 افراد کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق چین سے تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز ایسٹرن ایوینیو کے واٹر گلیڈ پارک کے پاس کنٹینر سے ملنے والی لاشوں میں سے 8 خواتین اور 31 مرد ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان سب کا تعلق چین سے ہے۔برطانیہ میں چینی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں اور برطانوی حکام سے رابطے میں ہیں۔
ین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ترجمان اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے اس خبر کی تصدیق کی ہے تاہم اس حوالے سے فی الوقت مزید کچھ نہیں کہا گیا۔عرب میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ لاشیں چین کے مسلم اکثریتی علاقے سنکیانگ سے تعلق رکھنے والے یغور افراد کی ہیں جو کہ حکومت کے سخت اقدامات کے باعث سیاسی پناہ کیلئے مختلف راستوں سے یورپ میں داخل ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز برطانیہ کی کاؤنٹی اسیکس میں کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، برطانوی حکام کے مطابق ٹرک پر موجود کنٹینر بیلجیئم سے برطانیہ لایا گیا تھا۔پولیس نے شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس واقعے میں پولیس کو آئرش اسمگلنگ گروہ کے ملوث ہونےکا شبہ ہے۔قتل کے شبے میں گرفتارکنٹینر کے ڈرائیور سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے جب کہ شمالی آئرلینڈ میں پولیس نے اس سلسلے میں دو گھروں پر چھاپہ بھی مارا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *