جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اجمل انتقال کرگئے

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اجمل حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق گزشتہ رات ڈاکٹر اجمل کے دل میں تکلیف ہوئی جس کے باعث انہیں فوری طور پر نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آج صبح حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق پروفیسر اجمل خان کی نماز جنازہ مرکزی جامعہ مسجد ابراہیم میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی تدفین جامعہ کراچی کے قبرستان میں ہوگی۔
مرحوم ڈاکٹر اجمل خان زمانہ طالبعلمی میں جامعہ کراچی کے طالبعلم تھے۔ 1973 میں انہوں نے نباتیات میں بی ایس آنرز کرنے کے بعد پلانٹ فزیالوجی میں ایم ایس سی کیا۔ 1985 میں امریکہ کی اوہایو یونیورسٹی سے فزیالوجیکل ایکولاجی میں پی ایچ ڈی کی۔وہ گزشتہ 40 سال سے درس و تدریس سے وابستہ تھے۔ جامعہ کراچی میں وائس چانسلر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دینے والے مرحوم پروفیسر سے لاکھوں طلبا و طالبات نے کسب فیض کیا۔پروفیسر ڈاکٹراجمل خان کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز، نمایاں قومی پروفیسر اور2008 میں نمایاں سائنسدان کےاعزازات سے بھی نوازا گیا۔جامعہ کراچی کے مرحوم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان متعدد ممالک کے کئی طبی اداروں کے اعزازی سربراہ تھے۔ بحیثیت وزیٹنگ پروفیسر بھی انہوں نے خدمات سرانجام دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *