سندھ میں دوپہر 12 سے 3 بجے تک غیر اعلانیہ کرفیو نافذ

کوئی دکان نہیں کھلے گی اور نہ ہی شہریوں کو نقل و حرکت کی اجازت ہوگی، نوٹی فکیشن جاری

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)سندھ بھر میں آج دوپہر 12 بجے سے تین بجے تک غیر اعلانیہ کرفیو کے نفاذ کا حکم جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں جمعہ کے روز 3 گھنٹے کے انتہائی سخت لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت دن 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک نہ کوئی دکان کھلے گی اور نہ ہی کوئی ٹرانسپورٹ چلے گی، جب کہ شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی ، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا بھی باقاعدہ اعلان کیا ہے جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں لاک ڈاون کےتحت پابندیوں کا اطلاق 14 اپریل تک رہے گا۔نوٹی فکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران تمام عوامی، سیاسی، مذہبی و دیگر اجتماعات پر پابندی ہوگی، صرف مقررہ اوقات کے دوران مخصوص کاروباری سرگرمیاں کی جاسکیں گی، مساجد میں 3 سے 5 افراد باجماعت نماز ادا کرسکیں گے، عام شہری نماز ظہر گھر پر ہی ادا کریں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نماز جنازہ اور تدفین کے علاوہ ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی، نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی جب کہ سندھ میں تمام انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی بند رہے گی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ نقل وحرکت ممنوع ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *