بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں مودی، عمران ملاقات کا امکان مسترد کردیا

نئی دہلی:(پاکستان فوکس آن لائن)بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کے امکان کو مسترد کردیا۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس آئندہ ہفتے 13 سے 14 جون تک کرغیزستان میں منعقد ہوگی جس میں مختلف سربراہانِ مملکت کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم بھی شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا پچھلے چند دنوں سے یہ خبریں نشر کر رہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس میں نریندر مودی اور عمران خان میں ملاقات متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات پر اہم بات چیت ہوسکتی ہے۔ تاہم بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے تازہ بیان میں ان تمام خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں تک میری معلومات ہیں، بشکیک میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *