ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، کپتانی نہیں چھوڑوں گا: سرفراز احمد

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پہلے پانچ میچوں میں ہم نے برا کھیلا اور اس پر شائقین کی تنقید بجا ہے، بحیثیت ٹیم ہماری کارکردگی شروع میں اچھی نہیں رہی اور بھارت کیخلاف شکست سے کھلاڑی بہت پریشان ہوگئے تھے۔کرکٹ ورلڈ کپ 2019 سے باہر ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور میں کپتانی نہیں چھوڑوں گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ بدقسمتی سے رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں نہ جاسکے ،صحافی نے سوال کیا کہ ورلڈکپ میں شکست پر قوم سے معافی مانگیں گے؟ جواب میں سرفراز نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ پانچ میچوں میں اچھا نہیں کھیل سکے لیکن 11 پوائنٹ کے ساتھ واپس آئے ہیں اور مجموعی کارکردگی اتنی بھی بری نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ جو ٹیم بنی تھی میری مشاورت سے بنی، ٹیم مینجمنٹ کوشش کرتی ہےکہ بیسٹ الیون ہی میدان میں اتارے۔
کپتان سرفراز احمد نے اپنی پرفارمنس کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی بیٹنگ کے بارے میں نہیں سوچا، ٹیم کو سوچا تھا، حارث سہیل اچھی فارم میں ہیں اس وجہ سے میں نیچے کھیل رہا تھا۔ورلڈ کپ میں فاسٹ بولر حسنین کو موقع نہ دینے پر کپتان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی فارم میں تھے جس کی وجہ سے حسنین کو موقع نہ مل سکا۔
پریس کانفرنس میں کپتان سرفراز احمد نے ٹورنامنٹ کے ناکام میچز پر اظہار افسوس بھی کیا اور کہا کہ آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف میچ میں ہم اچھا نہیں کھیل سکے، بدقسمتی سے سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوا۔
اس دوران کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو داد بھی دی اور کہا کہ انگلینڈ کے خلاف اور آخری چار میچز میں ٹیم نے زبردست کم بیک کیا۔کپتانی چھوڑنے سے متعلق سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں کپتانی نہیں چھوڑوں گا، مجھے پی سی بی نے کپتان بنایا تھا وہ ہٹائیں یا برقرار رکھیں اُن کا فیصلہ ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *