وزیراعظم عمران خان کی داتا ؒ دربار دھماکے کی شدید مذمت

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے داتاؒ دربار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، انھوں نے متعلقہ حکام سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم نے داتا ؒ دربار دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ انھوں نے متعلقہ حکام سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم دے دیا۔
دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے وزیراعظم نے دلی ہمدردی کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

واضح رہے داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 5 اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید اور 25 زخمی ہوگئے۔داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کا کہنا تھا کہ دھماکا خودکش تھا، جائے وقوعہ سے بال بیرنگ ملے ہیں۔دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے زخمیوں کو قریبی میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا، ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ داتا دربار کے باہر پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایلیٹ فورس کے 5 جوانوں سمیت 8 افراد شہید اور 24 زخمی ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *