وزیراعظم سے چینی وزیرخارجہ وانگ ژی کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تجارت سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ چینی وزیرخارجہ نے بعد ازاں صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے وفد میں چینی نائب وزیر خارجہ ، سفیر اور دیگر حکام شامل تھے، ملاقات کے دوران پاک چین اکنامک کوریڈور، گوادر بندرگاہ سمیت دیگر معاملات زیر غور آئے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور خطے میں کشیدگی سے متعلق مودی حکومت کے منفی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کرنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید وسعت کے عزم کا اعادہ کیا۔
چینی وزیرخارجہ نے بعد ازاں صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین تعاون میں اضافے اور خطے کی پیچیدہ صورتحال میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر چینی وزیرخارجہ کے ہمراہ آنے والے وفد کے اراکین اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *