’’کپتان واپس آ گیا‘‘زلمی کے ڈیرن سیمی پی ایس ایل کیلئے پہنچ گئے

سیمی پی ایس ایل فائیو میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچنے والے پہلے غیرملکی کھلاڑی بن گئے

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والے ڈیرن سیمی پہلے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب ڈیرن سیمی پاکستان پہنچے تو پشاور زلمی نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’کپتان واپس آ گیا‘ کی سرخی جمائی۔دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ وننگ چمپئن رہنے والے 36 سالہ ڈیرن سیمی دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہوئے اور میڈیم پیس بولنگ بھی کرتے ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پاکستان آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ہر مرتبہ کچھ دلچسپ کرنے کی شہرت رکھنے والے پشاور زلمی کے کپتان نے اس بار پی ایس ایل سے پہلے ہی نیا کر ڈالا۔ پاکستان پہنچنے سے قبل ڈیرن سیمی کی ٹوئٹر سرگرمی نے شائقین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا۔
کراچی ایئر پورٹ پر موجود شائقین کرکٹ نے ڈیرن سیمی کے ساتھ سیلفیاں لیں اور تصاویر بنائیں۔ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی پی ایس ایل فائیو کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز 14 فروری سے کراچی میں کرے گی۔20 فروری سے 22 مارچ تک منعقد ہونے والی پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پہلی بار پاکستان میں کھیلے جا رہے ہیں۔ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں جب کہ کل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *