بلوچستان: بالائی علاقوں میں شدید برفباری، 15افراد جاں بحق

بارش کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں چھتیں گرنے سے 7 افراد جاں بحق

کوئٹہ: (پاکستان فوکس آن لائن)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو روز سے جاری برف باری اور بارشوں نے تباہی مچادی ہے جس دوران حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے۔بلوچستان کے بالائی علاقوں میں3 سے4 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، شدید برف باری سے زیارت،مستونگ، قلعہ سیف اللہ ،قلعہ عبداللہ ،ہرنائی اور بولان میں کئی جگہ رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں قلعہ عبداللہ میں 6، ژوب میں 6 جب کہ پشین میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
کوئٹہ میں برف باری اور موسم کی خراب صورت حال کے باعث اندرون ملک سے کوئٹہ آنے اور جانے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، برف باری کے باعث 10 فیڈر بند ہونے سے شہر کے بیشترعلاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ہے۔شدید برف باری کے باعث صوبائی حکومت نے 7 اضلاع میں اسنو ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
علاوہ ازیں مکران کےعلاقوں تمپ، مند، زعمران اور بلیدہ سمیت ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی آنے سے کئی مکانوں اور فصلوں کونقصان پہنچا جب کہ زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے ۔تربت اور گرد و نواح میں شدید بارشوں سے سیلابی ریلا دریائے کیچ میں داخل ہوگیا جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی سے سیلابی ریلے نے قریبی آبادیوں کو نقصان پہنچایاہے۔بلوچستان کی صورتحال پر وزیراعلیٰ جام کمال خان کا کہنا ہےکہ سڑکیں کھلوانے اور عوام کو ہرممکن امداد پہنچانے کیلئے صوبائی حکومت مکمل متحرک ہے۔
دوسری جانب ملک بھر کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش کے باعث چھتیں گرنے سے بچی اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے۔ دو بھینسیں بھی چھت گرنے سے ماری گئیں۔موسلا دھار بارش سے چھتیں منہدم، قیمتی انسانی جانیں ضائع، متعدد زخمی ہو گئے، جام پور کی قریبی بستی میں بارش سے مکان کی چھت گر نے سے 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو جام پور منتقل کر دیا گیا۔سکھر کے علاقےنیو پنڈ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی، جاں بحق ہو گئی۔ حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔جھنگ میں بھی بارش سے چھت گری، ملبے تلے دب کر ایک لڑکی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ ننکانہ واربرٹن، کھوکھراں گاؤں میں بھی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔اٹک کے گاؤں شکردرہ محلہ ڈھوک ذوالفقاریاں میں گیس لیکیج نے گھر کی چھت گرا دی، حادثے میں میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے، خانیوال کے علاقے ممدال میں مکان کی چھت گر گئی۔ ملبے تلے دب کر دو لڑکیاں موقع پر جاں بحق ہو گئیں۔ چھت گرنے سے 2 بھینسیں بھی ماری گئیں۔قصور کے علاقے کلچہ معدونا میں بارش مکان کی چھت کو لے بیٹھی۔ تین افراد ملبے تلے دبنے سے زخمی ہو گئے، بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *