حیات آباد کے مکان میں چھپے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، 5 مارے گئے

پشاور: (پاکستان فوکس آن لائن) پشاور کے علاقے حیات آباد میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید جبکہ جوابی فائرنگ اور آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے، پولیس کا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پولیس کے مطابق حیات آباد فیز سیون میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، اس دوران گھر کے اندر سے دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں اے ٹی ایس کا ایک جوان قمر عالم شہید ہوگیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔رات گئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا گیا جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کے دستے بھی جائے وقوعہ پہنچ گئے۔ بعد میں کور کمانڈر پشاور لیفٹنیننٹ جنرل شاہین مظہر بھی موقع پر پہنچے اور آپریشن کا معائنہ کیا۔ سی سی پی او کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جسے مکمل کرنے میں مزید کچھ وقت لگے گا، جائے وقوعہ کے اطراف کا ایریا کلیئر کروا لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق عمارت میں 3 سے 5 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد کارروائی کی گئی تھی۔ پولیس کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن 14 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے بعد بھی جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *