پاک سری لنکن ٹی ٹوئنٹی سیریز، ٹکٹوں کی فروخت شروع

کراچی ؍ لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہو گیا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز 27 سمتبر سے کراچی میں شروع ہو گی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور میں کھیلی جائے گی۔
تمام میچز کے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو گئی ہے اور ٹکٹس کوریئر سروس کی مخصوص شاخوں پر دستیاب ہیں۔ شائقین بڑی تعداد میں کوریئر کمپنی کی برانچزسے میچز کی ٹکٹیں خریدنے میں مصروف ہیں۔ کرکٹ شائقین کی 500 مالیت کی ٹکٹوں میں زیادہ دلچسپی نظرآرہی ہے۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے حوالے سے علامہ اقبال ایئرپورٹ کے اطراف سمیت اسٹیڈیم اور ہوٹل کے علاوہ دیگر راستوں پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اوررینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ ایئر پورٹ پر ٹیم کی آمد سے قبل سخت چیکنگ کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین فرائض سر انجام دیں گے۔
دوسری جانب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کی قیادت سرفراز احمد کریں گے۔
سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق ، عابد علی ،آصف علی ،فخر زمان ، حارث سہیل ، محمد حسنین ،افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان ، وہاب ریاض ، محمد عامر ، محمد حسنین ، عثمان شنواری اور محمد نواز شامل ہیں۔ حسن علی ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *