بولیویا،وینٹی لیٹرز کی خریداری میں کمیشن وصول کرنیوالا وزیر صحت گرفتار

خاتون صدر نے وزیر صحت کو برطرف کرکے تحقیقات کے بھی احکامات جاری کردیے ہیں

بولیویا: (پاکستان فوکس آن لائن)عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے درکار وینٹی لیٹرز کی خریداری میں بھاری کمیشن وصول کرنے والے وزیرصحت کو ان کے عہدے سے برطرف کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ملک کی خاتون صدر نے فوری طور پر اس ضمن میں تحقیقات کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بولیویا کے وزیر صحت مارسیلو نواجاس ( Marcelo Navajas) کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے ملک کو درکار وینٹی لیٹرز کی خریداری میں بھاری کمیشن وصول کیا ہے۔
بولیویا کی خاتون صدر(Jeanine Añez Chavez) نے اس ضمن میں فوری طور پر نہ صرف تحقیات کا حکم دیا بلکہ وزیر صحت کو ان کے منصب سے برطرف کر کے گرفتاری کے بھی احکامات جاری کیے۔صدر کی جانب سے احکامات ملنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتےہوئے برطرف وزیر صحت کو گرفتار کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بولیویا کے لیے اسپین سے خریدے گئے وینٹی لیٹرز کی قیمت 50 لاکھ ڈالرز ادا کی گئی لیکن اصل میں ان کی قیمت دی جانے والی رقم سے کہیں کم تھی۔بولیویا کے وزیر صحت کی گرفتاری کے ساتھ ہی وزارت صحت کے دو دیگر اعلیٰ عہدیداران کی بھی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *