کینیڈا کے عام انتخابات میں جسٹن ٹروڈو ایک بار پھر کامیاب

اوٹاوا: (پاکستان فوکس آن لائن) کینیڈا کے عام انتخابات میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جماعت لبرل پارٹی نے نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈوکی جماعت اتحادی حکومت بنانےکی پوزیشن میں آگئی لیکن انہیں ایک چھوٹی بائیں بازو کی جماعت کی حمایت کی ضرورت ہو گی۔کینیڈاکے پارلیمانی انتخابات میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے اور ابتدائی نتائج کے مطابق وزیراعظم ٹروڈوکی لبرل جماعت اتحادیوں کے ساتھ مل کر نئی حکومت کی تشکیل کی پوزیشن میں آگئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں عام انتخابات کے لیے پیر کو ہونے والی ووٹنگ کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک حکمراں جماعت لبرل پارٹی سب سے زیادہ 146 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ابتدائی نتائج کے مطابق علیحدگی پسند جماعت بلاک کیوبیکوز 33 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جب کہ کنزرویٹو پارٹی کو 12، نیو ڈیمو کریٹک پارٹی چار اور گرین پارٹی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
اکثریتی حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 338 کے ایوان میں 170 نشستیں درکار ہیں۔حکومت بنانے اور نئی قانون سازی کے لیے جسٹن ٹروڈو کو بائیں بازو کی حزب اختلاف کی جماعتوں پر انحصار کرنا ہو گا۔پارلیمانی انتخابات میں ایک بار پھر کامیابی حاصل کرنے پر جسٹن ٹروڈو نے سوشل میڈیا کے ذریعے سب کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ان کی ٹیم مستقبل میں کینیڈا کے تمام لوگوں کے لیے سخت محنت کرے گی۔

جسٹن ٹروڈو کی کامیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں انہیں مبارک باد پیش کی اور لکھا کہ دونوں ممالک کی بہتری کے لیے ٹروڈو کے ساتھ کام کرنےکا منتظر ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *