کورونا وائرس،برطانیہ میں نیشنل ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان

بورس جانسن نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ،خلاف ورزی پرجرمانہ ہوگا

لندن: (پاکستان فوکس آن لائن) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ملک میں فوری طور پر نیشنل ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔ جس کے تحت دو سے زائد افراد کے گھر سے نکلنے پر پابندی ہوگی۔ وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ملک میں ایمرجنسی کی صورت حال ہے، گھر پر رہیں، ہم سب مل کر کورونا وائرس کو شکست دیں گے، اگر بہت زیادہ لوگ اکٹھے بیمار ہو گئے تو این ایچ ایس کے لیے مشکل ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ نئی کیسز سامنے آنے کے بعد برطانیہ میں بھی لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔گزشتہ شب برطانوی وزیراعظم بورس جونسن نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔
وزیراعظم نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ ایک مرتبہ شاپنگ اور صرف ایک بار ایکسرسائز کے لیے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دوست بلائیں تو بھی باہر نہ جائیں، رشتہ داروں سے ملنے کے لیے بھی باہر نہ نکلیں، خوراک کے لیے ڈیلیوری سروس استعمال کریں۔ بورس جانسن نے ہدایت کی ہے کہ دو سے زیادہ لوگ اکٹھے باہر نہ نکلیں۔
انہوں نے واضھ کیا ہے کہ پولیس کے پاس طاقت کے استعمال کا اختیار ہے اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کو جرمانے بھی کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارکس کھلے رہیں گے مگر لوگوں کو اکٹھا ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، تاہم اگر صورت حال بہتر ہوئی تو نرمی کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ایچ ایس کو لاکھوں ٹیسٹ کٹس مہیا کر دی ہیں اور ادارے کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔
برطانیہ میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب مجموعی تعداد 6650 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 335 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *