مودی کو ایوارڈ دینے پر چیئرمین سینیٹ نے یو اے ای کا دورہ احتجاجاً منسوخ کردیا

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) یو اے ای کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ دینے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عرب امارات کا دورہ احتجاجاً منسوخ کردیا ہے۔
نریندر مودی کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے پس منظر میں پاکستان کے ایوانِ بالا کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارت کا اپنا پہلے سے طے شدہ دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ میرے کشمیری بہن بھائی محصور ہوں اور میں ان حالات میں یو اے ای کا دورہ کروں، دورہ پہلے سے طے شدہ تھا، تین بجے ہماری پرواز تھی تاہم مودی کو ایوارڈ ملنے کے بعد آج ہی وہاں میرا جانا اور یو اے ای حکام سے ملنا مناسب نہیں تھا۔
سینیٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی بھرپورحمایت کرتا ہے۔ اورمودی حکومت کی جانب سے اس وقت کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی گئی ہے اور کرفیو نافذ ہے۔ لہٰذا ایسے موقع پر متحدہ عرب امارات کا دورہ پاکستانی قوم اور کشمیری ماؤں، بہنوں اور بزرگوں کی دل آزاری کا سبب بنے گا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھائے اور اسے ایوارڈ دیا جائے اس پر دکھ ہوا، مودی کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں ملوث ہے، فیصلے سے یو اے ای سفیر کو آگاہ کردیا ہے، اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجاً یہ دورہ منسوخ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *