القاعدہ اور داعش کو امریکہ نے پیدا کیا، ایرانی صدر

نیویارک: (پاکستان فوکس آن لائن) ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ القاعدہ اور داعش کو امریکہ نے پیدا کیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ سلامتی کونسل کی بات مانتا ہے نہ احترام کرتا ہے۔ اس لیے امریکہ کچھ بھی کہے یورپی ممالک کے ساتھ جوہری معاہدے پر عمل کر رہے ہیں۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے مذاکرات کیلئے پر تولنے والے ممالک کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم دشمن کی پابندیوں میں رہتے ہوئے مذاکرات نہیں کریں گے‘۔انہوں نے خلیجی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکا ہمارا اور آپ کا پڑوسی نہیں ہے بلکہ ایران پڑوسی ہے، مشکل حالات میں پڑوسی ہی ساتھ ہوں گے امریکا نہیں‘۔
حسن روحانی نے امریکا کو خبردار کیا کہ مشرق وسطی کی کسی ایک ریاست کا محافظ یا وکیل نہیں بنے۔ ایران آبنائے ہرمز استعمال کرنے والے تمام ممالک کو امن کیلئے مذاکرات کی دعوت دیتا ہے۔ امریکا 18 سال سے افغانستان اور 4 برسوں سے عراق اور شام میں ناکام رہا ہے، اس کا کردار ثالثی کے بجائے فریق کا رہا ہے۔
امریکی صدر کے مذاکرات کی دعوت کا جواب دیتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران پر عائد بلاجواز پابندیاں ختم کئے بنا کوئی مذاکرات نہیں کریں گے، امریکا پہلے خود معاہدے توڑتا ہے پھر ہمیں مذاکرات کی دعوت دیتا ہے، جوہری معاہدہ توڑنا اس کی ایک مثال ہے۔ امریکا کے بغیر یورپی ممالک بھی وعدے نبھانے میں ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *