راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان پہلی اننگز میں 445 رنز بنا کر آوَٹ

پاکستان کو پہلی اننگز میں 212 رنز کی برتری حاصل، بابر اعظم اور شان مسعود کی شاندار سنچریاں

راولپنڈی: (پاکستان فوکس آن لائن)بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 445 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے۔راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز کے ساتھ دوبارہ کیا تو بابر اعظم 143 اور اسدشفیق 60 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔
کھیل کے آغاز پر ہی پاکستان کو بابر اعظم کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا، وہ اپنے گزشتہ روز کے اسکور 143 رنز میں کوئی اضافہ نہ کرسکے۔ 355 رنز پر اسد شفیق بھی پویلین لوٹ گئے ، انہوں نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 374 رنز پر گرگئی، محمد رضوان 10رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 415 رنز پر پاکستان کی ساتویں وکٹ یاسر شاہ کی صورت میں گری، انہوں نے صرف 5 رنز بنائے۔ 422 رنز پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ گرگئی، شاہین شاہ آفریدی 3رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔442 رنز پر پاکستان کی نویں وکٹ گری، حارث سہیل 75رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 445 رنز پر پاکستان کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔بنگلا دیش کی جانب سے روبیل حسین اور ابوجائید نے 3،3 ، تیج الاسلام نے 2 جب کہ عبادت حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی ، اس طرح پاکستان کو دوسری اننگز میں بنگلا دیش پر 212 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *