راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے بنگلا دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دیدی

راولپنڈی: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستان نے روالپنڈی ٹیسٹ میں بنگلا دیش کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دے دی ، بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز بنا کر واپس لوٹ گئی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلادیش نے 6 وکٹ کے نقصان پر 126 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی بنگلادیشی کپتان مومن الحق کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 41 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے۔ جس کے بعد آنے والے کھلاڑی بھی اپنی ٹیم کے اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے اور 156 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔8وکٹیں گنوانے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کے آخری دو کھلاڑی اپنی ٹیم کے اسکور میں صرف 12 رنز کا اضافہ کرسکے اور پوری مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 445 رنز بنا کر 212 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔جس کے بعد گزشتہ روز بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا تو ابتدا سے ہی اسے مشکلات کا سامنا تھا اور وہ کھیل کے تیسرے روز ہی 6 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان سے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 212 رنز درکار تھے تاہم اس کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔پاکستانی ٹیم نے اننگز اور 44 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔دوسری اننگز میں نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم تقریباً 17 برس بعد ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پاکستان آئی، اس سے قبل 2003 میں مہمان ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آئی تھی اور اس سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *