چین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کو پھر مسترد کردیا

بیجنگ: (پاکستان فوکس آن لائن) چین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔چین خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق بھارتی وزیر برائے خارجہ امور سبرامنیم جے شنکر نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی پر گہری نظررکھے ہوئے ہیں، چین صورتحال کو پیچیدہ بنانے والے یکطرفہ بھارتی اقدام کو تسلیم نہیں کرتا، پاکستان اور بھارت مسائل کا پرامن حل نکالیں جب کہ امید ہے بھارت خطے کے امن واستحکام کے لیے تعمیری کردارادا کرے گا۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کو کشمیر کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی پر شدید تشویش ہے، بھارت باہمی اعتماد کے لیے اقدامات کرے، بھارتی اقدام نے چین کی سالمیت اور مفادات کو نقصان پہنچایا، بھارتی آئین میں تبدیلی، کشمیر کا تشخص تبدیل کرنا علاقائی کشیدگی کی وجہ بنا ہے۔چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تحفظ، امن وسلامتی کے لیے معاہدہ موجود ہے، سرحدی علاقوں میں غیر ضروری مداخلت نہیں چاہتے جب کہ کشمیر کا تشخص تبدیل کرنے کے اقدام کی مخالفت کرتے ہیں۔
اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے وضاحت کی کہ بھارت تحمل کا مظاہرہ کرنے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سرحد پر امن برقرار رکھنے کے حوالے سے چین کے ساتھ ہونے والی مفاہمت پر کاربند رہے گا اور تمام سرحدی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک رواں برس چینی صدر اور نریندر مودی کے درمیان غیر رسمی ملاقات کا خواہاں ہے اور اس ملاقات کو کامیاب بنانا چاہتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *