شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن) ملک بھر میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا چہلم آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
لاہور اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی جبکہ لاہور میں جلوس کے راستوں پر موبائل سروس بھی بند رہے گی۔لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؓ اور عرس داتاعلیؒ ہجویری کے آخری روز کے سبب سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، لاہور چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے شروع ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ شرکائے جلوس کو تین درجاتی سکیورٹی حفاظتی حصار کے ذریعے جسمانی تلاشی کے بعد ہی داخلے کی اجازت ہو گی، چیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیرئیرز سے مدد لی جائے گی۔
شہر قائد کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کا جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اس سے قبل علم کا جلوس مارٹن روڈ سے برآمد ہوگا جبکہ مارٹن روڈ سے برآمد ہونے والا جلوس نشترک پارک پر اختتام پزیر ہوگا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے چہلم کےموقع پر صوبے بھر میں دفعہ 140 نافذ کر کھی ہے۔آج موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پربھی پابندی ہے۔شہر کے مجلس کے مقامات پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پارکنگ کو دور رکھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد میں چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس ایک بجے عزاخانہ شبیر سے برآمد ہوگا اور تین بجے امام بارگاہ حیدری پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔شہر میں 4 ڈی ایس پی 33 سینئر ٹریفک اہلکار جبکہ 350 کے قریب پولیس وارڈن ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔پولیس ذرائع کے مطابق متعلقہ انچارج سیکٹرز میں اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ جلوس کے دوران شہر میں ٹریفک کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو ۔تمام افسران دوران ڈیوٹی ٹریفک کے متعلقہ امور کے علاوہ مشکوک افراد اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھے گے ۔ٹریفک کے تمام امور کی نگرانی قائم مقام سی ٹی او سید علی رضا خود کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *