ایران نے بہت بڑی غلطی کی، ڈرون مارگرانے پر امریکی صدر کا ردعمل

دبئی: (پاکستان فوکس آن لائن)ایران کی جانب سے امریکی ڈرون مار گرانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آگیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے صرف ایک جملہ لکھا کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔خیال رہے کہ ایران نے آج آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون مار گرایا ہے۔ اس حوالے سے کمانڈر پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ہم نے امریکا کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے پر جنگ کیلئے تیار ہیں۔
امریکا نے بھی ڈرون کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون ایرانی نہیں، بین الاقوامی فضائی حدود میں تھا۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کے خلاف معاشی دہشت گردی شروع کر رکھی ہے اور اب ہماری حدود کی خلاف ورزی بھی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنی فضائی، زمینی اور سمندری حدود کا بھرپور دفاع کریں گے، امریکا کی اس نئی اشتعال انگیزی کو اقوام متحدہ میں لے کر جائیں گے اور بتائیں گے کہ امریکی ڈرون کے بین الاقوامی فضائی حدود ہونے سے متعلق امریکا جھوٹ بول رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *