عافیہ صدیقی پاکستان واپس نہیں آنا چاہتیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کے پہلوؤں کو دیکھ رہی ہے لیکن اطلاعات کے مطابق وہ خود پاکستان نہیں آنا چاہتیں۔آن لائن برطانوی اخبار دی انڈیپنڈ نٹ اردو کو انٹرویو میں انکا کہنا تھا اگر امریکی صدر اور وزیر اعظم عمران خان کی مستقبل میں ملاقات ہوئی تو عافیہ صدیقی اور شکیل آفریدی کے تبادلے پر بات ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی خارجہ پالیسی اچھی چل رہی ہے اور بھارتی انتخابات کے بعد نئی حکومت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی امید ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی بات پر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ عافیہ خود پاکستان آنا نہیں چاہتیں تو یہ مکمل طور پر بے بنیاد بات ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا حکومت کی طرف سے عافیہ کی رہائی سے متعلق مارچ تک خوشخبری کی بات کی گئی تھی لیکن اب پھر خاموشی چھا گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ سے ملاقات کی تھی اور انہیں عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *