فضل الرحمان کے بھائی ڈی سی سینٹرل تعینات، ایم کیو ایم پاکستان کو تحفظات

ایم کیو ایم کا سندھ حکومت سے ضیا الرحمان کی تعیناتی اور ڈیپوٹیشن کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ

کراچی : (پاکستان فوکس آن لائن) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو کراچی کے ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر تعینات کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ضیا الرحمان کی خدمات خیبر پختونخوا سے ڈیپوٹیشن پر حاصل کی گئیں ہیں۔ ان کا تعلق پرووینشل مینجمنٹ سروس خیبر پختونخوا سے ہے اور انہیں تاحکم ثانی ڈپٹی کمشنر وسطی تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کی ڈپٹی کمشنر سینٹرل تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا ہےایم کیو ایم نے سندھ حکومت سے ضیا الرحمان کی تعیناتی اور ڈیپوٹیشن کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر کنورنوید جمیل نے وزیراعلی ٰ سندھ کو خط لکھ کر ضیاالرحمان کی ڈی سی سینٹرل کے طور تعیناتی پر وزیراعلیٰ سے وضاحت مانگ لی ہے۔خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ضیا الرحمان کی ڈی سی سینٹرل تعیناتی سپریم کورٹ احکامات کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں جعلی ڈومیسائل کا معاملہ پہلے ہی ایم کیو ایم اٹھاچکی ہے، صوبے بھر میں افسران کی غیرقانونی ترقیوں کو بھی ختم کیا جائے۔ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں میرٹ سے ہٹ کر سرکاری عہدوں پر تعیناتیاں بھی ہیں، سرکاری محکموں میں غیرقانونی ترقیوں کو بھی فوری منسوخ کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *