بھارت: سیلاب میں پھنسی ٹرین سے 700 مسافروں کو بچا لیا گیا

ممبئی: (ویب ڈیسک)بھارتی نیوی کے ہیلی کاپٹروں اور دیگر امدادی اداروں نے ممبئی میں سیلاب میں پھنسی ٹرین سے 700 سے زائد مسافروں کو بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہالکشمی ایکسپریس جمعے کے روز ممبئی سے کولھپور کے لیے روانہ ہوئی تھی لیکن اسٹیشن سے 60 کلومیٹر دور اس وقت سیلاب میں پھنس گئی جب دریا کے کنارے پر موجود ٹریک پانی کی زد میں آگیا۔مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر، کشتیوں اور تیراکوں کی مدد لی گئی جس سے مسافروں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا جن میں 9 حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔

مذکورہ ٹرین 12 گھنٹے تک ضلع تھانے میں مذکورہ مقام پر پھنسی رہی اور بعد ازاں حکام نے ٹرین کے مسافروں کو نکالنے کے لیے انڈین نیوی اور نشینل ڈیزاسٹر رسپانس فورسز (این ڈی آر ایف) کو طلب کیا، جنہوں نے مسافروں کے بچاؤ کے لیے پہلی کاپٹر، کشتیوں اور ڈائیورز تعینات کیے۔بھارتی ریلویز کے مطابق آپریشن کے آغاز کے 5 گھنٹے کے بعد ہی ٹرین کو خالی کروالیا گیا، مسافروں میں 9 حاملہ خواتین بھی شامل تھیں۔
آپریشن کے دوران لی گئیں تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے مسافروں نے لائف جیکٹ پہن رکھی ہے اور انہیں ٹرین سے نکالا جارہا ہے جبکہ ٹرین کو کیچڑ میں دیکھا جاسکتا ہے، جس نے اطراف کی اراضی کو بھی نقصان پہنچایا۔آپریشن کے دوران 37 ڈاکٹرز کو بھی ایمبولنسز کے ذریعے مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے لیے بھیجا گیا تھا، اس کے علاوہ مسافروں کو خوراک اور پانی بھی مہیا کیا گیا۔
یاد رہے کہ مون سون بارشوں کے باعث ممبئی کے انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہونے والی 11 فلائٹس کو منسوخ کرنا پڑا جبکہ یہاں آنے والی 9 فلائٹس کو مختلف ایئرپورٹس پر موڑ دیا گیا۔اس کے علاوہ ممبئی سے گوا جانے والی اہم ہائی وے کو پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے بند کردیا گیا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ممبئی کے مختلف علاقوں میں 8 انچ یا 20 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی ایشیا میں جاری مون سون کی بارشوں سے اب تک 600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *