لاہور: چوبرجی کے قریب رکشے میں بم دھماکہ، 7 افراد زخمی، ہسپتال منتقل

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن) لاہور کی اہم شاہراہ ملتان روڈ پر رکشے میں بم دھماکہ،7 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کر دیا، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے دھماکے کے بعد جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے مقام سے بال بئیرنگ ملے ہیں، 7 زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ بم ڈسپوزل حکام کا موقف ہے کہ دھماکے میں ڈیڑھ سے 2 کلو بارودی مواد استعمال ہوا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق شیراکوٹ سے ایک شخص رکشے میں بیٹھا جو سمن آباد اتر گیا، اس کے پاس کچھ سامان تھا لیکن اترتے وقت ایک شاپنگ بیگ وہ رکشے میں ہی چھوڑ گیا، جو بعد ازاں دھماکے کی وجہ بنا۔ پولیس نے رکشہ ڈرائیور اور ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ رکشے میں آئی ڈی لگنے سے متعلق خدشات سے حساس ادارے پہلے ہی متعلقہ اداروں کو خبردار کر چکے تھے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سی سی پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے شہر میں سکیورٹی سخت کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *