ورلڈکپ: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ سے مقابلہ، پاکستان کی قسمت بھی وابستہ

ڈرہم: (پاکستان فوکس آن لائن) کرکٹ ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ کی ٹیم اپنا اہم ترین گروپ میچ آج نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں کوالیفائی کرچکی ہے اور مزید 2 ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے۔ڈرہم کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم ہوگی۔انگلینڈ اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ٹیموں کو شکست کی صورت میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کے میچ پر انحصار کرنا ہوگا جب کہ لازمی فتح کے علاوہ پاکستان کا فائنل فور میں جانے کا دار و مدار نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ پر بھی ہے۔
اس میچ کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے نتیجے کا براہ راست اثر نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم بلکہ شکست کھانے والی ٹیم کی سیمی فائنل پر رسائی پر پڑے گا۔پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پاکستان 9 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر ہے جبکہ اس کا ایک میچ بنگلہ دیش کے خلاف باقی ہے جو 5 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی فتح کی صورت میں پاکستان کو بنگلہ دیش کو تقریباً 200 سے 250 رنز کے مارجن سے شکست دینی ہوگی یا پھر بنگلہ دیشی ٹیم کو جلد آؤٹ کرکے ہدف کم سے کم اوورز میں حاصل کرنا ہوگا تاکہ اس کا رن ریٹ نیوزی لینڈ کے رن ریٹ سے بہتر ہوسکے اور وہ کیویز کو آؤٹ کرکے خود سیمی فائنل میں جگہ بنائے۔بنگلہ دیشی ٹیم ایونٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے تاہم پھر بھی وہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، اور ایسے میں پاکستان کے لیے کسی ٹیم کو اتنے بڑے مارجن سے شکست دینا مشکل ہوجائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے گزشتہ 5 میچز کو دیکھا جائے تو ان میں بنگلہ دیشی ٹیم 4 مرتبہ کامیاب رہی ہے۔
نیوزی لینڈ کی فتح کی صورت میں پاکستان کو رن ریٹ کی فکر نہیں ہوگی بلکہ صرف ایک جیت درکار ہوگی جو بظاہر مشکل دکھائی دیتی ہے۔تاہم ٹیم کی گزشتہ 3 میچز کی پرفارمنس کو مد نظر رکھتے ہوئے امید کا اظہار کیا جارہا ہے کہ قومی ٹیم اس مرتبہ بنگلہ دیش کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کی شکست خوردہ ٹیم ایونٹ سے باہر نہیں ہوگی، بلکہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں پاکستان کی شکست کی خواہشمند بن جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *