استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ سے متعلق قائم حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو مکمل اختیار دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر، وزیر دفاع اور کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک سمیت پرویز الہٰی، نورالحق قادری، اسد عمر اور شفقت محمود شریک تھے۔اجلاس میں کمیٹی نے وزیراعظم کو اپوزیشن کے مطالبات سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران آزادی مارچ سے متعلق حکومتی حکمت عملی طے کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے، اپوزیشن سنجیدہ مذاکرات چاہتی ہے تو مثبت جواب دیا جائے، استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں حکومتی کمیٹی آج رہبر کمیٹی سے ملاقات کرے گی۔
واضح رہے کہ آزادی مارچ کے ہر مرحلے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں، مذاکرات ہی کے نتیجے میں مارچ کے شرکا کے لیے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں جگہ مختص کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ گزشتہ روز بھی حکومتی کمیٹی نے رہبرکمیٹی سے ملاقات کی تھی دوسری جانب چوہدری برادران نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرکے معاملہ حل کرانے کی کوششیں کی تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *