پاک فضائیہ کے مایہ ناز پائلٹ ایم ایم عالم کا آج 85 واں یوم ولادت

ایم ایم عالم نے 1965 کی جنگ میں شجاعت اور بہادری کی ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی

تن تنہا دشمن کے 5 جنگی طیارے مار گرانے والے پاک فضائیہ کے مایہ ناز پائلٹ اور قومی ہیرو ایم ایم عالم کا 85 واں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے۔ بھارتی فضائیہ کو دھول چٹانے والے پاک فضائیہ کے ہیرو ایم ایم عالم کی 85 ویں سالگرہ 6 جولائی کو منائی جا رہی ہے۔ محمد محمود عالم 6 جولائی 1935 کو بھارت کے شہر کولکتہ میں پیدا ہوئے اور 1953 میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی۔ ایم ایم عالم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان 1965 کی جنگ میں شجاعت اور بہادری کی ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔اپنی ہوا بازی کے کارناموں سے اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے دشمنوں کو ناکوں چنے چبوا دیے اور دشمن بھارت کے 5 جنگی طیارے ایک منٹ میں زمین پر مار گرائے۔ ان کا یہ کارنامہ پاک فضائیہ کی تاریخ کا سنہرا باب ہے جسے ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے۔ انہیں جرات اور بہادری کے باعث ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا اور پھر 1982 میں ائیر کموڈور کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوگئے۔ قوم کے یہ ہیرو 18 مارچ 2013 کو طویل علالت کے بعد 78 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *