جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس پر وکلا دھرنا دیں گے، صدر سپریم کورٹ بار

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی نے اعلان کیا ہے کہ وکلا 14 جون کو جسٹس قائز فائز عیسیٰ کے خلاف دائر ریفرنس پر سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیں گے۔امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ یہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک جسٹس کے خلاف ریفرنس واپس نہیں لیا جاتا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ کے باہر ریفرنس کی کاپیاں جلائیں گے اور ریفرنس کے دوران احتجاج کریں گے۔صدر سپریم کورٹ بار کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وکلا ہائی کورٹ کے سامنے دھرنا دیں گے اور ہمارا دھرنا اس وقت جاری رہے گا جب تک یہ ریفرنس واپس نہیں لیا جاتا۔ریفرنس کو سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریفرنس کے ذریعے بلوچستان کو چیف جسٹس کے عہدے سے محروم رکھنے کی سازش ہے اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس میں بدنیتی واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں اس وقت 350 شکایات موجود ہیں۔احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی تمام وکلا تنظیموں نے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی ہے اور ان تنظیموں نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کی شدید مذمت کی ہے۔ امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وکلا اس ریفرنس کو بدنیتی پر مبنی اقدام سمجھتے ہیں۔خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے آغا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا تھا۔سپریم جوڈیشل کونسل نے صدارتی ریفرنس کی سماعت 14 جون کو مقرر کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *