ملک بھر میں آج شب برأت عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

مساجد میں اجتماعات نہیں ہوں گے،شب برأت میں گھروں میں بیٹھ کر عبادت کریں،پاکستان علما کونسل

کراچی:(پاکستان فوکس آن لائن) ملک بھر میں آج شب برأت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس رات اہل ایمان نوافل ادا کریں گے اور گڑگڑا کر اپنے رب سے گناہوں اور خطاؤں کی معافی طلب کریں گے۔اہل علم اس شب کو رزق، صحت، زندگی، موت اور خیر و شر کے فیصلوں کی رات بھی کہتے ہیں، اس لیے اہل ایمان اس رات مغفرت اور بخشش مانگتے ہیں اور اللہ تعالی سے رحمت اور فضل کی التجائیں بھی کرتے ہیں۔شب برأت کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے جب کہ اور بڑی تعداد میں لوگ قبرستانوں کا رُخ کر کے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کرتے ہیں۔اس مرتبہ فرزندان اسلام اپنے گھروں میں ہی شب بیداری، رات بھر نوافل، ذکر اور خصوصی عبادات کا اہتمام کریں گے اور شب برات کے فیوض سے فیض یاب ہوں گے۔
اس رات ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن امسال کورونا وائرس کے باعث پاکستان علما کونسل کے سربراہ طاہر اشرفی نے اپیل کی ہے کہ شب برات میں گھروں میں بیٹھ کر عبادت کریں ، شب برات کو شب توبہ کے طور پر منائیں، انفرادی عبادات کریں ،مساجد میں اجتماعات نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ لوگ تمام عبادات گھروں میں رہ کر کریں، مساجد کے عوامی مقامات پر اجتماعات کرنے سے پولیس اور انتظامیہ کے تصادم جائزنہیں۔علمائے کرام کا کہنا ہے کہ شب برأت کی عبادت کا اپنا ہی لطف و سرور ہوتا ہے، آج کورونا کی وبا اور کرب کی موجودہ فضا میں اللہ سے رحم و کرم اور پناہ طلب کی جائے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں کسی کو بھی شب برات پر قبرستان جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ شہری گھروں میں شب برات کی عبادات کریں۔ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ احکامات کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *