یونس خان دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے بیٹنگ کوچ مقرر

مشتاق احمد اسپن باؤلنگ کوچ،مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس باؤلنگ کوچ ہونگے

لاہور : (پاکستان فوکس آن لائن)سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کا بیٹنگ کوچ مقررکردیاگیا، مشتاق احمد اسپن باؤلنگ کوچ،مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس باؤلنگ کوچ ہوں گے ۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بڑا اعلان کر دیا، جس کے مطابق سابق کپتان یونس خان دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے بیٹنگ کوچ ہوں گے،جبکہ اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد ، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس بھی انگلینڈ روانہ ہوں گے۔مشتاق احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کا مینٹور بھی مقرر کیا گیا ہے ۔
چیف ایگزیکٹوسیم خان کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ یونس خان جیسے قد آور اور شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر نے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی،مشتاق احمد کئی کھلاڑیوں کے لیے مینٹور کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ انگلش کنڈیشنز سے بخوبی واقف بھی ہیں ،لہٰذا وہ ہمارے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوں گے۔یونس خان کا کہنا ہے کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کی صورت میں ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ یونس خان کی ساکھ اور ان کا ریکارڈ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتیں نکھارنے اور بہترین کرکٹرز بننے میں اہم کردار اداکرے گا۔
واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ اور 3ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں کھیلی جائے گی،سیریز کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *