کراچی میں پی ایس ایل پر پابندی اور اسکول تعطیلات میں توسیع کی سفارش

کورونا کیسز میں اضافہ،اسکولوں کی تعطیلات بڑھانے، اجتماعات پر پابندی کی تجاویز

کراچی: (پاکستان فوکس آن لائن)کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع کی سفارش کردی۔کراچی میں وزیر صحت و بہبود آباد ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق محکمہ صحت نے وزیراعلی سندھ کو اسکولوں سمیت تعلیمی اداروں کو طویل عرصے کے لئے بند کرنے، پی ایس ایل میچز کے کراچی میں انعقاد اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت سندھ کراچی آنے والے تمام مریضوں کی اسکریننگ کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرے گا اور اسکریننگ کرے گا جبکہ تمام نجی اور سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متعلق معلومات کے لئے فرنٹ لائن ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔محکمہ صحت سندھ نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو پی ایس ایل اور بڑے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کے لئے آج ایڈوائزری (ہدایات) جاری کی جائے گی۔حکام نے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر وہ حال ہی میں کسی ایسے ملک سے کراچی آئے ہیں تو وہ خود کو 14 دن کے لئے قرنطینہ میں رکھیں، کورونا کے مریضوں کے لئے گڈاپ اسپتال کو قرنطینہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد17 ہوگئی ہے۔ یہ سارے وہ لوگ ہیں جنہوں نے بیرون ملک سفر کیا تھا اور وطن واپس آئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر نے ایران اور شام کا سفر کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *