چوہدری شوگر ملز کیس: نواز شریف 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور:(پاکستان فوکس آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کو جیل سے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کرلیا۔نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو چوہدری شوگر مل کیس میں کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کر کے احتساب عدالت میں پیش کیا۔ پراسکیوٹر نے نواز شریف کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
نیب پراسیکوٹر حافظ اسد اعوان نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف سے چودھری شوگر ملز کیس میں تفتیش کرنی ہے جس کے بغیر کیس آگے نہیں بڑھ سکتا۔احتساب عدالت نے نواز شریف کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے 25 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔نواز شریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے احتساب عدالت کی جانب جانے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں روک دیا جس پر کارکنان اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوازشریفکا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں اس حوالے سے شہباز شریف کو خط میں سب کچھ لکھ کر بھیج دیا ہے۔نوازشریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن کے فوری بعد اسمبلیوں سے استعفے دینے کا کہا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ ان کی بات کو رد کرنا بالکل غلط تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی وجہ سے آج اس جگہ ہر موجود ہوں، ووٹ کو عزت دو پر پہلے بھی ڈٹا تھا اب بھی ڈٹا ہوا ہوں، پاکستانیوں کے حقوق کے لیے ہمیں ووٹ کو عزت دینا ہوگی اور دنیا میں عزت کمانے کے لیے ووٹ کو عزت دینا ہوگی، جو قومیں ترقی کرتی ہیں وہ اصولوں سے نہیں ہٹتیں، اللہ کے فضل سے ہمارا سر کوئی نہیں جھکا سکتا، ان ہتھکنڈوں سے نہیں گھبرائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *