برطانیہ میں ڈیکسا میتھازون سے نتائج مثبت آئے ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

پاکستان کورونا کےتشویشناک مریضوں کیلئے ڈیکسا میتھا زون کے استعمال پرغورکرے گا

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں ماہرین کی کمیٹی کورونا سے شدید متاثر ہونے والے مریضوں کیلئے ڈیکسا میتھازون کے استعمال پرغور کرےگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ برطانیہ میں ڈیکسا میتھازون سے نتائج مثبت آئے ہیں، اس دوا کے استعمال سے کورونا وائرس سے اموات میں کمی واقع ہوگی ۔ ڈیکسا میتھازون کورونا وائرس کے خلاف پہلا علاج ہے، پاکستان میں ماہرین کی کمیٹی ڈیکسا میتھازون کے استعمال پر غور کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا کے علاج میں اسے اہم پیشرفت قرار دیا ہے اورکورونا مریضوں کیلئے ڈیکسامیتھازون کو خوش آئند کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوا کو شدید متاثر مریضوں خاص طور پر جو وینٹی لیٹر پر ہیں ان کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے جبکہ کم متاثر مریضوں کےلیے یہ دواخطرناک ہوسکتی ہے کیونکہ اس دوا کے بہت سے مضر اثرات ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی ماہرین صحت نے کورونا کے علاج کے لیے ”ڈیکسا میتھاسون “نامی دوا ملنے کا دعویٰ کر دیا جس سے تشویشناک مریضوں کی جان بچانا ممکن ہوگا۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے دوا کی آزمائش کے لیے 2100 مریضوں کا انتخاب کیا جن میں سے تیس فیصد ایسے تھے جو وینٹی لیٹر پر موجود تھے‘۔تحقیقی نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ ’ڈیکسا میتھاسون کے استعمال سے مریضوں کی موت کی شرح تیس فیصد کم ہوئی جبکہ جو مریض مصنوعی طریقے سے سانس لے رہے تھے ان کی موت کی شرح نصف حد تک کم ہوگئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں پہلے اس دوا کی افادیت کا علم ہوتا تو برطانیہ کے پانچ ہزار سے زائد شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکتی تھیں۔تحقیقی ٹیم کے سربراہ مارٹن لیندرے کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ بہت اہم پیشرفت ہے، ہمیں ایسے علاج یا دوا کی تلاش تھی جس سے مریضوں کی جان بچائی جاسکے یا دوران علاج ان کی موت کا خطرہ کم سے کم ہو، اس سے قبل کوئی دوا نہیں ملی تھی مگر اب ہم خوش ہیں کہ ایسی دوا مل گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’حیران کن طور پر دوا کی کم خوراک بھی مریضوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ڈیکسا میتھاسون کی قیمت بھی مناسب ہے اور یہ ہر جگہ آسانی سے دستیاب بھی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *