ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ڈرون مار گرا یا

تہران: (پاکستان فوکس آن لائن) ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ڈرون مارگرایا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایران نے اپنی فضائی حدود میں امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی ڈرون صوبہ ہرمزگان کے علاقے کوہ مبارک میں گرایا گیا جب کہ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فضائی حدود میں گرایا گیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق گرائے گئے امریکی ڈرون کا ماڈل آر کیو 4 گلوبل ہاک ہے۔دوسری جانب ڈرون مار گرائے جانے سے متعلق امریکی فوج نے فوری رد عمل دینے سے گریز کیا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل خلیج عمان میں دو آئل ٹینکروں پر حملے کا ذمہ دار امریکا نے ایران کو ٹہرایا تھا جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی۔امریکا نے خلیج عمان میں اپنے فوجی تعینات کردیے ہیں جہاں مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان بھی سامنے آیا ہے۔روس نے بھی گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ امریکی بمبار طیارے نے دو مرتبہ اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی جسے روسی فضائیہ نے ناکام بنا دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *