پاک ایران وزرائے خارجہ ملاقات میں باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن) پاکستان اور ایران نے دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔وزارت خارجہ میں پاکستان اور ایران کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران پاک ایران تعلقات، علاقائی سلامتی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور امریکا اور ایران کے مابین حالیہ کشیدگی پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سمیت پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا یہ تیسرا دورہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *