عوام نے احتیاط نہ کی تو ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ جائے گا، وزیراعظم عمران خان

برسات میں مثالی شجرکاری کرنی ہے، رضا کارانہ کام کرنے پر ٹائیگر فورس کے جوانوں کا مشکور ہوں

اسلام آباد: (پاکستان فوکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پرعمل نہ کیا گیا تو اسپتالوں پر دباؤ بڑھ جائے گا۔اسلام آباد میں ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رضاکارانہ کام کرنے پر ٹائیگر فورس کے اہلکاروں کا مشکور ہوں، ہر ملک میں ایس او پیز پر عمل درآمد رضاکاروں نے کرایا، لوگوں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ ایس او پیز پر عمل کرانا ضروری ہے لیکن لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ ایس او پیز پرعمل کتنا ضروری ہے، ایس او پیز پرعمل نہ کیا گیا تو اسپتالوں پر دباؤ بڑھ جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس پڑھے لکھے لوگ ہیں، ہمارے پاس صرف ایک ماہ ہے، ہمیں مزید بہتر کام کرنا ہے، ہم کورونا وائرس کی پیک سے جلد نکل جائیں گے جب کہ ہماری انتظامیہ تھک گئی ہے، انہیں اپنا بھی کام کرنا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 970 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 148 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار 903 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 44 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 71 ہزار 191، سندھ میں 74 ہزار 70، خیبر پختونخوا میں 23 ہزار 887، بلوچستان میں 9 ہزار 817، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 365، اسلام آباد میں 11 ہزار 710 جبکہ آزاد کشمیر میں 930 کیسز رپورٹ ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *