پنجاب حکومت کا پرائمری اسکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کرنیکا اعلان

لاہور: (پاکستان فوکس آن لائن) پنجاب حکومت نے اگلے سال سے پرائمری سکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کرنے کا اعلان کر دیا۔
‏وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا اساتذہ اور بچوں کا سارا وقت مضمون کو سمجھنے کی بجائے ترجمہ کرنے میں صرف ہو جاتا ہے، اس وجہ سے بچے کچھ نیا سیکھ نہیں پاتے، ‏اگلے تعلیمی سال مارچ 2020 سے پنجاب کے پرائمری سکولوں میں ذریعہ تعلیم اردو کر دیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں احتجاج کا دم خم ہے نہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کا، یوم سیاہ کی نا کامی اپوزیشن کیلئے نوشتہ دیوار ہے، اپوزیشن صرف اقتدار کیلئے بے چین ہے، پاکستان کے عوام انتشار کی سیاست نہیں چاہتے، قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پر پورا اعتماد ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا مخالفین کے پاس پاکستان کو آگے لے جانے کا کوئی ایجنڈا نہیں، یہ عناصر ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ذاتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی کے مسترد شدہ عناصر کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتا، نیا پاکستان نئی سوچ، نئے وژن اور نئے نظریئے کے تحت ترقی کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *